ابو ظہبی، 26 نومبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے اپنی قیادت کی ہدایات کے تحت گزشتہ دو سالوں سے غزہ کی عوام کے ساتھ یکجہتی، انسانی ہمدردی اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انسانی خدمت صرف امداد کی فراہمی نہیں بلکہ امید، حوصلے اور زندگی کا پیغام ہے۔
آپریشن 'الفارس الشهم 3' کے تحت اب تک امارات کی جانب سے 8,700 سے زائد زمینی ٹرک روانہ کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے 16 لاکھ سے زائد امدادی پیکجز 250 سے زائد قافلوں کی شکل میں غزہ کے عوام تک پہنچائے گئے ہیں۔ یہ امداد مختلف اقسام کی اشیائے ضروریہ پر مشتمل ہے جن میں خوراک، طبی سامان، رہائشی خیمے، حفظانِ صحت کی اشیاء اور دیگر بنیادی ضروریات شامل ہیں۔
اماراتی امدادی ٹیم نے یہ امداد العرَیش میں قائم انسانی امداد کے لاجسٹک مرکز کے ذریعے روانہ کی، جہاں امدادی سامان کی وصولی، ذخیرہ، دوبارہ پیکنگ اور ترسیل کے تمام مراحل کو متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط انداز میں مکمل کیا گیا تاکہ غزہ کے عوام کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔
مسلسل آنے والے قافلوں میں خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص امدادی پیکجز، سردیوں کے کپڑے، اور حفظانِ صحت کی کٹس بھی شامل کی گئیں تاکہ غزہ میں تمام متاثرہ طبقات کی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کیا جا سکے۔
اس امدادی مہم میں امارات نے 33 ایمبولینسیں، میڈیکل ٹینٹس، 36 پانی کے ٹینکرز، فیلڈ بیکریز اور دیگر وہ سامان بھی بھیجا جو پانی اور بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں مددگار ثابت ہو سکے، تاکہ نہ صرف فوری ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے بلکہ غزہ کے عوام کی مزاحمتی قوت میں اضافہ اور مشکلات میں کمی کی جا سکے۔
آپریشن 'الفارس الشهم 3' نہ صرف غزہ کے لیے ایک مربوط اور مؤثر امدادی منصوبہ ہے بلکہ یہ امارات کے اُس دیرینہ انسانی مشن کا تسلسل بھی ہے جس کے تحت وہ ہمیشہ دوست اور برادر ممالک کی مدد کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ یہ مشن اماراتی قیادت کی ہدایات اور انسانیت کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، جس کا مقصد صرف امداد پہنچانا نہیں بلکہ متاثرہ افراد کے دکھ درد کو کم کرنا اور ان کے ساتھ بحران کے وقت میں عملی یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔