راس الخیمہ، 26 نومبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور راس الخیمہ کے حکمران عزت مآب شیخ سعود بن صقر القاسمی نے آج گلوبل ٹورازم لیڈرشپ پروگرام کے شرکاء سے راس الخیمہ میں ملاقات کی۔ یہ پروگرام وزارت کابینہ امور کے گورنمنٹ ایکسپیرینس ایکسچینج آفس اور دبئی کالج آف ٹورازم کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران شرکاء نے متحدہ عرب امارات کو عالمی سطح پر سیاحت اور مہمان نوازی کا نمایاں مرکز بنانے کے لیے دبئی کالج آف ٹورازم کی جانب سے پیش کردہ تعلیمی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یہ پروگرام نئی نسل کے رہنماؤں کو سیاحتی شعبے میں آنے والی تیز رفتار تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرتا ہے۔
اس موقع پر شیخ سعود بن صقر القاسمی نے کہاکہ، "ہم اس اہم شعبے کو ترقی دینے کے لیے پُرعزم ہیں اور ایسے تخلیقی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جو سیاحوں کے تجربات کو متنوع بنائیں اور ہمارے امارت کو عالمی سطح پر سیاحت و مہمان داری کے نمایاں مقام پر لے جائیں۔"
پروگرام کے شرکاء نے راس الخیمہ میں جاری منفرد سیاحتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات امارت کے لیے ایک واضح اور جدید وژن کا حصہ ہیں، جو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سیاحتی نقشے پر راس الخیمہ کی مضبوط موجودگی کو یقینی بناتے ہیں۔