ابوظہبی فنانس ویک میں بل گیٹس کی شرکت، پولیو کے خاتمے کیلئے بڑے فنڈز کا اعلان متوقع

ابوظہبی، 4 دسمبر، 2025 (وام)--ابوظہبی فنانس ویک نے اعلان کیا ہے کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس اس سال ایک اہم اجلاس میں بطور اسپیکر شرکت کریں گے۔ یہ سیشن محمد بن زاید فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹی کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے جہاں عالمی سطح پر نئی فنڈنگ کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

پہلے روز منعقد ہونے والے سیشن "انسانیت میں سرمایہ کاری: عالمی ترقی کے لیے نجی سرمایے کو بروئے کار لانا" میں بل گیٹس نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے ذریعے عالمی چیلنجز کے حل میں جدید مالیاتی طریقوں کے کردار پر گفتگو کریں گے۔

اجلاس میں محمد بن زاید فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹی کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شما خلیفہ المزروعی بھی خصوصی خطاب کریں گی، جبکہ متعدد عالمی مہمان بھی شریک ہوں گے۔

سیشن کے اختتام پر گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (GPEI) کے لیے بڑے پیمانے پر نئی فنڈنگ کے اعلانات کیے جائیں گے۔ یہ عالمی شراکتی پروگرام دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرتا ہے۔

یہ خصوصی سیشن، 8 سے 11 دسمبر 2025 تک جاری رہنے والے ابوظہبی فنانس ویک کا حصہ ہے، جو دنیا کے ممتاز مالیاتی اداروں، پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں اور مارکیٹ لیڈرز کو ’’کیپیٹل آف کیپیٹل‘‘ میں اکٹھا کر رہا ہے۔

اس سال کے ابوظہبی فنانس ویک میں ایسے عالمی اداروں کے سربراہان، چیئرمین، صدور اور بانی شریک ہوں گے جو مجموعی طور پر 60 ٹریلین امریکی ڈالر سے زائد کے اثاثوں کا انتظام سنبھالتے ہیں، جو دنیا کی مجموعی جی ڈی پی کے نصف سے زیادہ کے برابر ہے۔