امارات میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے فروغ کے لیے ’طحنون بن زاید اسکالرشپ‘ کا قیام

ابوظہبی، 4 دسمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے اس وژن کے تحت کہ متحدہ عرب امارات کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما بنایا جائے، اور ابوظہبی کے نائب حکمران اور مصنوعی ذہانت و جدید ٹیکنالوجی کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان کی رہنمائی میں ’طحنون بن زاید اسکالرشپ اِن اے آئی ایکسی لینس‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شاندار کارکردگی کے حامل انڈرگریجویٹ طلبہ کی معاونت کرے گی۔

یہ اسکالرشپ تعلیمی سال 2026-2025 سے شروع ہوگی اور نوجوان رہنماؤں کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ اہداف پورے کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

اس میرٹ بیسڈ پروگرام کے تحت چھ سال میں 350 کے قریب طلبہ کو معاونت دی جائے گی۔

امیدواروں کے لیے ریاضیاتی مہارت، لیڈرشپ اور کاروباری رجحان اہم انتخابی عناصر ہوں گے۔

مالی معاونت کے علاوہ، منتخب طلبہ کو مقامی و عالمی سطح کے نوجوانوں کے بڑے ایونٹس میں امارات کی نمائندگی، اور کاروباری منصوبوں اور تکنیکی جدت کے لیے خصوصی مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان نے کہاکہ، "مصنوعی ذہانت سائنس، تعلیم، معیشت اور معاشرے سمیت انسانی ترقی کے ہر شعبے کو نئی شکل دے رہی ہے۔ مستقبل ان ہی لوگوں کا ہوگا جو تیزی سے سیکھیں، ہمت سے آگے بڑھیں اور ٹیکنالوجی کو ذمہ داری کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں استعمال کریں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکالرشپ باصلاحیت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور امارات کو عالمی جدت کے مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز خالدون خلیفہ المبارک کے مطابق یہ اسکالرشپ انسانی صلاحیت میں سرمایہ کاری ہے جو مستقبل کی نالج اکانومی کی بنیاد رکھے گی۔

یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ایرک سنگ نے کہا کہ ایم بی زیڈ یو اے آئی باصلاحیت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، موثر تحقیق اور سماجی فائدے کے لیے جدید جدت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ اسکالرشپ نئی نسل کے اسکالرز کو علم، تخلیقی صلاحیت اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تحریک دے گی۔

ایم بی زیڈ یو اے آئی کا بیچلر آف سائنس اِن آرٹیفیشل انٹیلیجنس روایتی نصاب سے ہٹ کر ٹیکنیکل مہارت کو لیڈرشپ، انٹرپرینیورشپ اور بین الشعبہ مطالعہ کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔

طلبہ کو انسانی علوم، بزنس اور لبرل آرٹس کے ذریعے وہ اخلاقی اور تنقیدی سوچ فراہم کی جاتی ہے جو ذمہ دارانہ اور وسیع پیمانے پر اے آئی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

پروگرام میں طلبہ کو صنعتوں میں پلیسمنٹس، انٹرنشپس اور مینٹورشپس کے ذریعے عملی تربیت دی جائے گی۔

یونیورسٹی کا جدید تعلیمی ماحول — ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ، اسمارٹ کلاس رومز، انکیوبیشن اسپیسز اور عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی — طلبہ کو اعلیٰ ترین تعلیمی تجربہ فراہم کرتا ہے۔