ابوظہبی، 4 دسمبر 2025 (وام)--الاتحاد ایئرویز نے روس کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شہر قازان کے لیے اپنی پہلی براہ راست پرواز کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے اب ابوظہبی اور قازان کے درمیان براہ راست سفری سہولت دستیاب ہو گئی ہے۔
نئی پرواز ہفتے میں تین دن منگل، جمعرات اور اتوار کو چلائی جائے گی، جس کا کل دورانیہ پانچ گھنٹے سے کچھ زائد ہوگا، اور یہ کاروباری و سیاحتی مسافروں کے لیے ایک نیا سفری راستہ فراہم کرے گی۔
پہلی پرواز EY839 آج قازان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری، جہاں اس کا استقبالیہ تقریب کے ساتھ خیرمقدم کیا گیا۔ یہ سروس ویک اینڈ پر مختصر تفریح یا طویل تعطیلات کے لیے نہایت موزوں وقت پر چلائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر الاتحاد ایئرویز روس کی کنٹری منیجر ناتالیا گوریونووا نےکہاکہ، "ہم قازان سے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، تاکہ وہ ابوظبی کے جدید و روایتی امتزاج سے لطف اندوز ہو سکیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی کے ذریعے مسافر بآسانی جنوب مشرقی ایشیا، برصغیر، خلیجی ممالک اور آسٹریلیا جیسے علاقوں تک بھی سفر کر سکتے ہیں۔ اس نئی پرواز سے نہ صرف ابوظہبی کے ثقافتی ورثے، خوبصورت ساحلوں اور دلکش کھانوں کی دنیا دریافت کی جا سکتی ہے، بلکہ مسافر پوری دنیا میں الاتحاد کے نیٹ ورک کے ذریعے اپنی پسند کی منزلوں تک بھی بآسانی پہنچ سکتے ہیں۔