نیپون میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ، 30 افراد زخمی

ٹوکیو، 9 دسمبر 2025 (وام)--جاپان کے شمال مشرقی علاقے میں پیر کی رات آنے والے 7.5 شدت کے طاقتور زلزلے نے کم از کم 30 افراد کو زخمی کیا جبکہ سونامی کی 70 سینٹی میٹر تک اونچی لہریں بحرالکاہل کے ساحل تک پہنچ گئیں، ۔

جاپانی حکومت کے مطابق زلزلہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر آؤموری پریفیکچر کے مشرقی ساحل کے قریب 54 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسی علاقے میں مزید اسی شدت یا اس سے بڑے جھٹکے آ سکتے ہیں۔

کیودو نیوز کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایجنسی نے ہوکا ئیڈو اور سانریکو ساحلی علاقوں جن میں آؤموری، ایواتے اور میاگی شامل ہیں کے لیے اس نوعیت کی الرٹ جاری کی ہے۔

زخمی افراد کا تعلق زیادہ تر آؤموری پریفیکچر اور ہوکائیڈو سے ہے۔

ماہرین کے مطابق زلزلہ ایسے علاقے میں آیا جہاں پیسفک پلیٹ جاپان کے مرکزی جزیرے ہونشو کے نیچے کھسک رہی ہے، جس سے بڑے زلزلوں کا خطرہ رہتا ہے۔ ایجنسی نے شدت کو ابتدائی 7.6 سے کم کر کے 7.5 کر دیا ہے۔

ادھر ایجنسی نے 3 میٹر تک سونامی کے خطرے کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم اب تک سب سے بلند لہر 70 سینٹی میٹر آئی ہے جسے ایواتے میں ریکارڈ کیا گیا۔