ابوظہبی، 11 دسمبر، 2025 (وام)--ابوظہبی فنانس ویک کے دوران، ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کے مالیاتی خدمات کے نگران ادارے فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی نے سال 2025 کے دوران پائیداری پر مبنی مالیاتی اقدامات کو مزید تقویت دی ہے، جس سے اس کا خطے میں پائیدار مالیات کے میدان میں قائدانہ کردار نمایاں ہوا ہے۔
ایف ایس آر اے کے ان اقدامات میں متعدد نئے ترقیاتی مراحل اور ریگولیٹری اصلاحات شامل ہیں، جو ادارے کی اس پالیسی کا تسلسل ہیں جو ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی (ESG) انکشافات، گرین اور کلائمٹ ٹرانزیشن فنڈز کی رضاکارانہ درجہ بندی، ماحولیاتی مالیاتی آلات (جیسے کاربن آف سیٹس) کی نگرانی کے فریم ورک، اور "گرین واشنگ" جیسے خطرات کو کم کرنے سے متعلق ریگولیٹری توقعات پر مبنی ہے۔
ایف ایس آر اے کے سی ای او ایمانوئل گیواناکِس نے کہاکہ، "ابوظہبی گلوبل مارکیٹ اور ایف ایس آر اے پائیدار مالیات کو اپنی تزویراتی (اسٹریٹجک) ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہیں۔ ہم ایسی واضح اور متوازن ریگولیٹری توقعات طے کر رہے ہیں جو مالیاتی نظام میں لچک، شفافیت اور اعتماد کو فروغ دیتی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا یہ جدید، ترقی پسند اور متوازن ریگولیٹری انداز نہ صرف متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی وعدوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار مالیاتی ماڈل کے قیام کی عملی مثال بھی ہے۔