متحدہ عرب امارات اور آئرلینڈ کے درمیان مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

دبئی، 11 دسمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی نے آئرلینڈ کی وزارتِ خزانہ کے وزیر مملکت رابرٹ ٹرائے سے وزارتِ خزانہ کے ہیڈکوارٹر دبئی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات، مالیاتی شعبے میں تعاون، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد الحسینی نے آئرش وزیر کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہا اور یو اے ای اور آئرلینڈ کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مالیاتی نظام کی بہتری، مہارتوں کے تبادلے اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

محمد الحسینی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات آئرلینڈ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ، "ہم ایسے ادارہ جاتی تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں جو تجربات کے تبادلے، مشترکہ مواقع کی ترقی، اور دونوں ممالک کے مفادات و اقتصادی منصوبوں کی تکمیل کا ذریعہ بنیں۔"

ملاقات کے اختتام پر فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور مالیاتی شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مسلسل رابطے اور ہم آہنگی نہایت اہم ہے۔