العین میں نیشنل ایم ایم اے چیمپئن شپ میں 300 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت متوقع

العین، 12 دسمبر، 2025 (وام)--نیشنل ایم ایم اے چیمپئن شپ 5 کا آغاز ہفتے کے روز العین میں متحدہ عرب امارات یونیورسٹی کے انڈور ہال میں ہو گا، جس میں ملک بھر سے 300 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی جوجِتسو اور مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے مطابق چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مختلف کلبوں و اکیڈمیوں سے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔

یہ دو روزہ مقابلے مختلف عمر کے گروپوں پر مشتمل ہوں گے، جن میں سب سے پہلے یوتھ ڈی (10–11 سال)، یوتھ سی (12–13 سال)، یوتھ بی (14–15 سال)، اور یوتھ اے (16–17 سال) کے مقابلے ہوں گے، جبکہ 18 سال اور اس سے زائد عمر کے بالغ کھلاڑیوں کے مقابلے کے ساتھ چیمپئن شپ کا اختتام ہو گا۔

اس موقع پر اے ڈی ایم اے اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے یوتھ اے ڈویژن کے کھلاڑی عبید الکتبی نے کہاکہ، "نیشنل ایم ایم اے چیمپئن شپ 5 میرے لیے ایک اہم موقع ہے کہ میں موجودہ سیزن میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لے سکوں اور آئندہ کے لیے بہتر تیاری کر سکوں۔ مختلف مہارت رکھنے والے کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کرنے سے مجھے تکنیکی اور جسمانی صلاحیتوں میں نکھار کے ساتھ مختلف اسلوب کے خلاف خود کو ڈھالنے کا قیمتی تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے۔"