ابوظہبی، 14 دسمبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات نے سرمائی سیاحت کے سیزن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جو 15 دسمبر سے اپریل کے آخر تک جاری رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سیزن کے دوران ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جس سے نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
سرمائی سیاحت کے اس سیزن میں سیاحوں کو متنوع سرگرمیوں کا موقع ملے گا جن میں آؤٹ ڈور ایونٹس، ثقافتی و ورثے سے جُڑے میلے، تفریحی شوز اور مختلف نوعیت کے وِنٹر کیمپس شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد سیاحوں کو موسم سرما کے دوران امارات کی ثقافت، قدرتی مناظر اور روایات سے قریب تر لانا ہے۔
ابوظہبی میں اس سیزن کی خاص تقریبات میں لیوا انٹرنیشنل فیسٹیول، ام الامارات پارک میں منعقدہ وِنٹر سیزن پروگرام، اور یاس آئی لینڈ پر یاس وِنٹر فیسٹیول شامل ہیں۔ دوسری جانب دبئی میں دبئی شاپنگ فیسٹیول اور ڈرون شوز سمیت متعدد تفریحی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو عالمی اور مقامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوں گی۔
دیگر امارات جیسے شارجہ، عجمان، اُم القیوین، فجیرہ اور رأس الخیمہ بھی سیاحتی میدان میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان علاقوں میں بھی سردیوں کے حوالے سے کئی تقریبات، ثقافتی میلوں، وِنٹر کیمپس اور خیمہ نشینی جیسے دلچسپ تجربات سیاحوں کو مہیا کیے جا رہے ہیں۔
ان سرمائی کیمپس میں خاص طور پر صحرا میں قائم کیے گئے خیمے، نوجوانوں اور طلبہ کے لیے تعلیمی و تربیتی کیمپس شامل ہیں، جو مقامی ثقافت، مہمان نوازی اور صحرا کی زندگی سے متعارف کرانے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات نہ صرف سیاحت کو فروغ دے رہا ہے بلکہ اپنی ثقافت اور روایات کو عالمی سطح پر اجاگر بھی کر رہا ہے۔