ابوظہبی، 15 دسمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے سوڈان کے شہر کدوقلی میں اقوامِ متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی کے لاجسٹکس بیس پر ہونے والے ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں بنگلہ دیشی امن دستے کے متعدد اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بزدلانہ حملے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات ہر اُس عمل کو یکسر مسترد کرتا ہے جو سلامتی، امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امن مشنز کو نشانہ بنانا نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2802 کی بھی خلاف ورزی ہے۔ وزارت نے اقوامِ متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی پر حملے کو عالمی قوانین کے اصولوں کی کھلی پامالی قرار دیا۔
وزارت خارجہ نے اقوامِ متحدہ کے بین الاقوامی امن مشنز اور ان میں حصہ لینے والے تمام ممالک سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں امن، سلامتی، استحکام، اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
بیان کے آخر میں متحدہ عرب امارات نے جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت و عوام، اور اقوامِ متحدہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔