ایئر عربیہ کا شارجہ سے میونخ تک براہِ راست پروازوں کا آغاز، جرمنی کا پہلا نیا فضائی رابطہ قائم

شارجہ، 16 دسمبر، 2025 (وام)--ایئر عربیہ نے شارجہ اور میونخ کے درمیان اپنی روزانہ براہِ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز کیا ہے، جو کہ شارجہ سے جرمنی کے لیے پہلا براہِ راست فضائی رابطہ ہے۔

یہ سروس ایئر عربیہ کے نئے ایئربس A320neo طیارے کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جو مسافروں کو زیادہ آرام دہ اور سہل سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

افتتاحی پرواز کے میونخ ایئرپورٹ پہنچنے پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایئر عربیہ اور میونخ ایئرپورٹ کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایئر عربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، عادل العلی نے اس موقع پر کہاکہ، “ہم شارجہ سے میونخ کے لیے نئی براہِ راست سروس کے آغاز پر خوش ہیں، جو یورپ میں ہمارے پھیلتے ہوئے فضائی نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ اقدام ہمارے عزم کا مظہر ہے کہ ہم اپنے صارفین کے لیے مزید اہم منزلوں تک رسائی، سہولت اور انتخاب فراہم کریں۔”

میونخ ایئرپورٹ میں سینئر نائب صدر ایوی ایشن، اولیور ڈرش نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ، “ہمیں خوشی ہے کہ ایئر عربیہ نے اب شارجہ اور میونخ کے درمیان فضائی رابطہ قائم کر دیا ہے، جو نہ صرف مسافروں کے لیے مزید سفر کے اختیارات فراہم کرتا ہے بلکہ جی سی سی ممالک کے ساتھ میونخ کے اہم کردار کو بھی مزید مضبوط کرتا ہے۔”

میونخ کو ایئر عربیہ کے یورپی فضائی نیٹ ورک میں شامل کرنا ایک اسٹریٹجک توسیع ہے۔ اس نیٹ ورک میں پہلے ہی ویانا، ایتھنز، میلان برگامو، کراکوف، وارسا شوپن شامل ہیں، اور جلد ہی وارسا موڈلِن اور پراگ کو بھی شامل کیا جائے گا۔