ابوظہبی میں 'مانچسٹر سٹی ابو ظہبی کپ' کا ساتواں ایڈیشن آج سے شروع، 20 ممالک کی 250 ٹیمیں شریک

ابوظہبی، 6 جنوری 2026 (وام)--نوجوانوں کے عالمی فٹبال مقابلے مانچسٹر سٹی ابو ظہبی کپ کا ساتواں ایڈیشن آج زاید اسپورٹس سٹی، ابوظہبی میں شروع ہو رہا ہے، جس میں چار براعظموں کے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والی 250 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ تین روز تک جاری رہے گا اور 11 جنوری تک مکمل ہوگا۔

اس بار ٹورنامنٹ میں 8,000 سے زائد کھلاڑی اور شائقین کی شرکت متوقع ہے، جو اس ایونٹ کو اس کی تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن بنا رہا ہے۔ مقابلے میں 8 سال سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کے مختلف گروپس کے درمیان میچز ہوں گے۔

ٹورنامنٹ میں خواتین فٹبال کو بھی بھرپور نمائندگی دی گئی ہے، جہاں 44 لڑکیوں کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جن میں سے دو ٹیمیں برطانیہ میں مانچسٹر سٹی کی اکیڈمی کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

مانچسٹر سٹی کے سابق مدافع نیڈم اونوہا اس ایونٹ کے سرکاری سفیر مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ، "اس نوعیت کے ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کی نہ صرف فنی تربیت بلکہ ان کی ذاتی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مجھے اس ویک اینڈ پر شاندار کھیل کی توقع ہے۔"

اونوہا 2004 سے 2012 تک مانچسٹر سٹی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ہیڈ آف فٹبال آپریشنز (مینا)، سٹی فٹبال گروپ اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سائمن ہیوِٹ نے کہاکہ،

"دنیا بھر سے شریک ٹیموں کی لائن اپ غیر معمولی ہے، اور ہم ایک اعلیٰ معیار کے مقابلے کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم تمام شرکاء کے شکر گزار ہیں جن کی شرکت اس ٹورنامنٹ کو خطے کا سب سے بڑا اور بہترین ایونٹ بناتی ہے۔"