ابوظہبی، 6 جنوری 2026 (وام)--قومی میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے کہا کہ قومی میڈیا اتھارٹی کا قیام محض ایک ریگولیٹری باڈی کی تشکیل نہیں بلکہ ایک ایسے مؤثر میڈیا نظام کا آغاز ہے جو قومی شناخت کی بنیاد پر مستقبل کی سمت متعین کرتا ہے، قومی کامیابیوں کا تحفظ کرتا ہے اور دنیا بھر میں امارات کی متاثرکن کہانی کو اجاگر کرتا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں الحامد نے کہا کہ دانشمند قیادت کا میڈیا سیکٹر کی ترقی کا وژن اس گہری سوچ پر مبنی ہے کہ ایسا میڈیا سسٹم تشکیل دیا جائے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پائیدار ترقی کا ایک بنیادی ستون ہے، جو نہ صرف قومی کامیابیوں کی حفاظت کرتا ہے بلکہ انہیں فروغ دے کر دنیا میں امارات کی مثبت شناخت مضبوط کرتا ہے۔
الحامد نے صدرِ امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے ان پر اعتماد کے اظہار پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ذمہ داری کا مطلب ہے کہ وہ اور قومی میڈیا اتھارٹی کی ٹیم عزت مآب کے وژن کو حقیقت کا روپ دیں، اور ایسا جدید اور مضبوط میڈیا سیکٹر تشکیل دیں جو امارات کے عالمی مقام، ترقیاتی اہداف اور تخلیقی امیج کی حقیقی عکاسی کرے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ میڈیا سیکٹر میں حالیہ برسوں کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیاں نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آلمکتوم کی واضح ہدایات، اور نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی دیوان کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی مسلسل نگرانی اور حمایت کے بغیر ممکن نہ تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون ایک جدید، مؤثر اور چیلنجز سے نمٹنے والا میڈیا سسٹم تشکیل دینے کی بنیاد بنا۔
الحامد نے آئندہ مرحلے کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ قومی میڈیا اتھارٹی کا ہدف قومی میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا اور مضبوط بنانا ہے، تاکہ وہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو بااختیار بنانا بھی ادارے کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ یہی نئی نسل مستقبل کی میڈیا قیادت کی بنیاد رکھے گی۔ الحامد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ تجربات کا تبادلہ، معیار کی بہتری اور عالمی سطح پر اثرپذیری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ماحول تشکیل دینا ناگزیر ہے جو تخلیق اور اختراع کو فروغ دے، تاکہ میڈیا کے شعبے میں جدت، تنوع اور مستقبل کی پیشن گوئی کی راہیں ہموار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا اتھارٹی کا مقصد ایسا میڈیا ماحولیاتی نظام قائم کرنا ہے جو ڈیجیٹل تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو، اور متحدہ عرب امارات کو علاقائی اور عالمی میڈیا مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے۔