عجمان، 7 جنوری، 2026 (وام)--عجمان میں دسمبر 2025 کے دوران رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں نمایاں سرگرمی دیکھنے میں آئی، جہاں 1,623 جائیدادی لین دین ریکارڈ کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 2 ارب 78 کروڑ درہم رہی۔ یہ حجم دسمبر 2024 کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے۔
محکمہ لینڈ اینڈ ریئل اسٹیٹ ریگولیشن کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عمر بن عمیر المحیری کے مطابق، عجمان رئیل اسٹیٹ انڈیکس کے تحت الجرف انڈسٹریل 2 میں سب سے زیادہ 2 کروڑ 80 لاکھ درہم مالیت کے لین دین ریکارڈ ہوئے۔ اسی عرصے میں 198 رہن (مارگیج) معاملات بھی طے پائے جن کی مجموعی مالیت 33 کروڑ 98 لاکھ درہم سے تجاوز کر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دسمبر کے مہینے میں ریکارڈ سطح کی سرگرمی براہِ راست مانگ میں اضافے کا نتیجہ ہے، جو عجمان کے رئیل اسٹیٹ شعبے کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ایمریٹس سٹی عجمان بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سرفہرست رہا، جبکہ الہلیو 2 سب سے زیادہ خرید و فروخت ہونے والے علاقوں میں شامل رہا۔