آن لائن اشتہارات کے ذریعے الیکٹرانک فراڈ میں اضافہ، ابوظبی پولیس کا عوام کو انتباہ

ابوظہبی، 14 جنوری، 2026 (وام) --ابوظہبی پولیس نے عوام کو آن لائن اشتہارات کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گمراہ کن لنکس کے ذریعے الیکٹرانک فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم عناصر سرچ انجنز کے ساتھ ساتھ روزگار اور رئیل اسٹیٹ سے متعلق آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے جعلی لنکس پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد صارفین کے ذاتی اور مالیاتی ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنا ہے۔

بیان میں عوام پر زور دیا گیا کہ آن لائن خریداری یا کسی بھی قسم کی خدمات حاصل کرتے وقت صرف سرکاری طور پر منظور شدہ اور مستند ایپلیکیشنز استعمال کریں، اور کسی بھی معلومات کے اندراج سے قبل لنکس کی صداقت کی مکمل تصدیق کریں۔ ابوظہبی پولیس کے مطابق فراڈیے ایسی ویب سائٹس استعمال کر رہے ہیں جو بظاہر مستند دکھائی دیتی ہیں اور غیر معمولی طور پر کم قیمتوں کی پیشکش کرنے والے اشتہارات کے ذریعے متاثرین کو کریڈٹ کارڈ اور دیگر حساس معلومات فراہم کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔

ابوظہبی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ الیکٹرانک لنکس کی تصدیق کریں، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات کو محفوظ رکھیں اور صرف قابل اعتماد ویب سائٹس کے ذریعے لین دین کریں، جبکہ مشکوک ساکھ رکھنے والے پلیٹ فارمز سے گریز کریں۔ پولیس نے واضح طور پر آن لائن خفیہ معلومات، جن میں بینک اکاؤنٹ یا کارڈ کی تفصیلات، آن لائن بینکنگ پاس ورڈز، اے ٹی ایم پن، سیکیورٹی کوڈز یا دیگر حساس اسناد شامل ہیں، کسی کے ساتھ بھی شیئر نہ کرنے کی تاکید کی۔

ابوظہبی پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ فراڈ یا سائبر جرم کی اطلاع امان سروس کے ذریعے کال سینٹر 8002626 پر، 2828 پر ٹیکسٹ میسج کے ذریعے، ابوظہبی پولیس اسمارٹ ایپلیکیشن کے ذریعے، ای میل aman@adpolice.gov.ae پر یا موبائل فونز کے لیے پولیس اسٹیشن سروس کے ذریعے دیں۔

پولیس نے سیکیورٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے اور سائبر جرائم کے خلاف اپنی مسلسل کوششوں کا اعادہ کیا، جو عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے ان کے اسٹریٹجک اہداف کے مطابق ہے۔