متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

ابوظبی، 14 جنوری، 2026 (وام) -- نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے آج ابوظہبی میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور مشترکہ عمل کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور جمہوریہ ترکیہ کے اسٹریٹجک تعلقات کے فریم ورک کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات اور ترقی یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کی توثیق کی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ترکیہ متعدد شعبوں میں ایک مضبوط اور نتیجہ خیز شراکت داری کے حامل ہیں، اور دونوں فریق اس تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور اس کے تحت دستیاب متنوع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ جامع ترقی اور پائیدار معاشی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سلامتی اور استحکام کے حصول اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں وزیر مملکت خلیفہ شاہین المرار بھی شریک تھے۔