ابوظہبی،30 جنوری، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایک وفاقی فرمان جاری کیا ہے، جس کے تحت ہدیٰ السید محمد الہاشمی کو وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ فرمان اپنی تاریخِ اجرا سے نافذ العمل ہوگا اور سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔
ہدیٰ السید محمد الہاشمی وزارتِ کابینہ امور میں اپنی ذمہ داریوں کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت کے قومی ایجنڈے اور حکمت عملیوں کے انتظام اور ان کی ہم آہنگی کا کام وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر انجام دے رہی ہیں۔
وہ محمد بن راشد لیڈر شپ پروگرام کی نگرانی بھی کرتی ہیں، جو سرکاری اداروں میں جدت اور جدید حکومتی ماڈلز کے فروغ کی حمایت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ متحدہ عرب امارات حکومت کے ایکسیلیریٹر پروگرامز کی نگرانی کرتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کے عمل کو تیز بنانے میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہدیٰ السید محمد الہاشمی محمد بن راشد لیڈرشپ پروگرام کی گریجویٹ ہیں اور ہائر کالجز آف ٹیکنالوجی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر کی ڈگری رکھتی ہیں، جبکہ انہوں نے لندن بزنس اسکول میں بھی تعلیم حاصل کی ہے۔