محمد بن راشد ایروسپیس ہب میں بزنس ایوی ایشن نقل و حرکت میں 17 فیصد اضافہ

دبئی، 11 فروری، 2026 (وام) --دبئی ساؤتھ میں قائم محمد بن راشد ایرو اسپیس ہب نے 2025 کے دوران کاروباری ہوا بازی میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 20 ہزار 289 نقل و حرکت ریکارڈ کی ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ہے۔ یہ امارت میں نجی جیٹ سرگرمی کی اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق 2025 کی چوتھی سہ ماہی میں ہب نے 6 ہزار 926 سے زائد نقل و حرکت ریکارڈ کیں، جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

حکام کے مطابق اس مسلسل نمو کی وجوہات میں دبئی کا سال بھر کاروبار، نمائشوں، تفریح اور عالمی تقریبات کا مرکز ہونا شامل ہے۔ دبئی ایئر شو 2025، جائٹیکس گلوبل اور ورلڈ گورنمنٹ سمٹ جیسے بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی نے بھی اس رفتار کو تقویت دی۔

دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کے اعداد و شمار بھی اس رجحان کی تائید کرتے ہیں، جن کے مطابق 2025 میں امارت نے ایک کروڑ 95 لاکھ 90 ہزار بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جو 2024 کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔

دبئی ایوی ایشن سٹی کارپوریشن اور دبئی ساؤتھ کے ایگزیکٹو چیئرمین خلیفہ الزافین نے کہا کہ کاروباری ہوا بازی کی نقل و حرکت میں ریکارڈ اضافہ دبئی کی عالمی مرکز برائے ہوا بازی، تجارت اور سیاحت کے طور پر مسلسل ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ساؤتھ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا مربوط ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہا ہے جو طویل مدتی طلب کو پورا کرے، آپریشنز کو ہموار بنائے اور دانشمند قیادت کے اس وژن کو تقویت دے جس کا مقصد دبئی کو دنیا کا ہوا بازی کا دارالحکومت بنانا ہے۔