دبئی، 12 فروری، 2026 (وام) --دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر نے عالمی رئیل اسٹیٹ مینیجر کیپیٹا لینڈ انویسٹمنٹ کا خیرمقدم کیا ہے، جس نے خلیجی خطے کی تیزی سے فروغ پاتی سرمایہ کاری مارکیٹ میں توسیع کے تحت ڈی آئی ایف سی میں اپنا نیا دفتر قائم کیا ہے۔
سنگاپور میں قائم اور لسٹڈ کیپیٹا لینڈ انویسٹمنٹ 45 ممالک کے 270 سے زائد شہروں میں سرگرم عمل ہے۔ دبئی میں دفتر کے قیام کو کمپنی کی اس حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد ادارہ جاتی شراکت داروں کو خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانا اور ان ابھرتی ہوئی منڈیوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے جہاں طویل مدتی امکانات موجود ہیں۔
ڈی آئی ایف سی اتھارٹی کے چیف بزنس ڈیولپمنٹ آفیسر سلمان جعفری نے کہا کہ اپنے عالمی نیٹ ورک اور مختلف رئیل اسٹیٹ شعبوں میں گہری مہارت کے باعث کیپیٹا لینڈ انویسٹمنٹ خطے کی تیزی سے ترقی کرتی سرمایہ کاری اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں توسیع کے دوران ڈی آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کیپیٹا لینڈ ڈی آئی ایف سی لمیٹڈ کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر جان وو نے کہا کہ ڈی آئی ایف سی میں موجودگی خلیجی خطے میں کمپنی کی توسیعی حکمت عملی کا اہم مرحلہ ہے اور اس سے ادارہ جاتی اور تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کے عالمی نیٹ ورک کو وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی ایف سی کی مضبوط طرزِ حکمرانی اور مؤثر ضابطہ جاتی فریم ورک کمپنی کے طویل مدتی اور قابلِ اعتماد شراکت داری کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔