امارات اور ترکیہ کے صدور کا ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

ابوظہبی، 15 فروری 2026 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے امارات اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور ترقیاتی و اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں جاری پیش رفت کو آگے بڑھانے پر زور دیا، تاکہ مشترکہ مفادات کا تحفظ اور دونوں ممالک کی عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنائی جا سکے۔

رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص خطے میں حالیہ پیش رفت اور ان سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی سفارتی و سیاسی کوششوں کا جائزہ لیا۔