شارجہ، 15 فروری، 2026 (وام) --شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام شارجہ رمضان فیسٹیول کے 36ویں ایڈیشن کا آج باقاعدہ طور پر آغاز ہوا، جو 25 مارچ تک "رمضان سپرٹ اِن دی ہارٹ آف شارجہ" کے عنوان کے تحت جاری رہے گا۔ یہ فیسٹیول یکم دسمبر 2025 سے جاری "شارجہ پروموشنز" مہم کا اہم حصہ ہے۔
شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر جنرل محمد احمد امین العوضی کے مطابق شارجہ رمضان فیسٹیول شہر کے نمایاں سالانہ تجارتی و تشہیری ایونٹس میں شمار ہوتا ہے، جو ریٹیل سیکٹر کی نمو، مقامی معیشت کے استحکام اور مقدس ماہِ رمضان کے دوران سیاحتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے "خاندان کا سال" سے ہم آہنگ اس فیسٹیول کا مقصد متنوع ثقافتی، مذہبی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے خاندانی اور سماجی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے کمیونیکیشن و بزنس، عبدالعزیز الشامسی نے کہا کہ یہ فیسٹیول شارجہ کی حیثیت کو ایک ممتاز رمضان ڈیسٹینیشن کے طور پر مستحکم کرتا ہے، جبکہ ریٹیل شعبے کو نئی تحریک فراہم کرنے کے ساتھ رہائشیوں اور سیاحوں کو منفرد خریداری اور تفریحی تجربات مہیا کرتا ہے۔
فیسٹیول کے جنرل کوآرڈینیٹر جمال سعید بوزنجال کے مطابق رواں سال کے ایڈیشن کی نمایاں سرگرمی "شاپ اینڈ اَن لاک دی سیکریٹس" مہم ہے، جو امارت کے چھ بڑے شاپنگ سینٹرز میں منعقد کی جا رہی ہے اور شرکاء کو قیمتی انعامات جیتنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
شارجہ رمضان فیسٹیول ہر سال کی طرح اس بار بھی تجارتی رعایتوں، خصوصی پیشکشوں اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے رمضان المبارک کی روح کو اجاگر کرنے کا عزم لیے ہوئے ہے۔