رمضان المبارک: ابوظہبی سول ڈیفنس کی “محفوظ رمضان” مہم کا آغاز

ابوظہبی، 18 فروری، 2026 (وام) -- ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی نے ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی “محفوظ رمضان” مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کا مقصد معاشرتی آگاہی میں اضافہ، حفاظتی و احتیاطی تصورات کا فروغ اور محفوظ طرزِ عمل کو مستحکم بنانا ہے تاکہ اس بابرکت مہینے میں جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اتھارٹی کے مطابق مہم کے تحت آگاہی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا، فیلڈ انسپکشن مہمات منعقد کی جائیں گی اور عوام کو ہنگامی حالات میں مؤثر ردِعمل کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں گھریلو حفاظت سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، بالخصوص افطار اور سحری کی تیاری کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، برقی آلات اور گیس سلنڈرز کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے اور گھریلو آتشزدگی و دیگر حادثات کے اسباب میں کمی لانے پر زور دیا گیا ہے۔

مہم کے دوران رمضان خیموں اور اجتماعی مقامات پر حفاظتی تقاضوں کی مکمل پابندی کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی ہے۔ آگ بجھانے کے نظام اور دھوئیں کے سینسرز کی فعالیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خیمہ منتظمین کو متحدہ عرب امارات کے فائر اینڈ لائف سیفٹی کوڈ پر سختی سے عمل درآمد اور تمام تکنیکی شرائط پوری کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ ان تقاضوں میں معیاری آگ بجھانے والے آلات کی مناسب تعداد اور مستند ماہرین کے ذریعے منظور شدہ برقی تنصیبات کی تکمیل شامل ہے۔

اتھارٹی نے خاندانوں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان کے دوران کھانا پکانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر باورچی خانوں میں حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنائیں۔ ایگزاسٹ سسٹمز کو جمع شدہ چکنائی سے صاف رکھنے، پورٹیبل آگ بجھانے والے آلات اور دھوئیں کے سینسرز کی دستیابی یقینی بنانے اور ہنگامی صورتِ حال میں ان کے درست استعمال سے آگاہی پر زور دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی تیل میں آگ بھڑکنے کے خطرات اور غیر متوازن برقی لوڈ یا غیر معیاری ایکسٹینشن لیڈز کے استعمال سے پیدا ہونے والی برقی آتشزدگی سے خبردار کیا گیا ہے۔

ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ “محفوظ رمضان” مہم احتیاطی آگاہی کے فروغ اور تحفظ کے کلچر کو مشترکہ معاشرتی ذمہ داری کے طور پر مستحکم بنانے کے عزم کا مظہر ہے، جو ابوظہبی میں محفوظ اور پائیدار معاشرے کے قیام کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔