عجمان، 19 فروری 2026 (وام)--رسپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے مقدس ماہِ رمضان کے دوران غزہ کی پٹی کو امدادی سامان کی فراہمی کے لیے آپریشن 'الفارس الشهم 3' کے تحت انسانی امداد پر مشتمل فضائی پل قائم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام کی مدد اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
اس فضائی پل کے ذریعے غذائی پیکجز، طبی سامان، بچوں اور خواتین کے لیے ضروری اشیاء سمیت بنیادی ضروریات کا سامان غزہ پہنچایا جائے گا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی معاونت کی جا سکے اور رمضان المبارک کے دوران ان کی روزمرہ ضروریات پوری کی جا سکیں۔
عجمان کی متعدد فلاحی تنظیمیں اس اقدام میں شریک ہیں، جو امدادی کھیپ کی تیاری، ترسیل اور تقسیم کے انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ مستحقین تک بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
شیخ حمید بن راشد النعیمی نے کہا کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی اس دیرینہ انسانی ہمدردی کی پالیسی کا عکاس ہے، جس کے تحت مشکل گھڑی میں متاثرین کی مدد کی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی حمایت برادرانہ اور انسانی فریضہ ہے، جو ریاست کے بانیان کی اقدار سے جڑا ہوا ہے۔
حکمران عجمان نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام کی مدد انسانی وابستگی اور متاثرہ خاندانوں کی تکالیف کم کرنے کے عزم کا تقاضا ہے، بالخصوص ایسے بابرکت مہینے میں جو ہمدردی اور یکجہتی کی اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عجمان اپنی فلاحی اداروں کے ذریعے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو مؤثر اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گا، اور متحدہ عرب امارات علاقائی و عالمی سطح پر انسانی امداد کی کوششوں میں صفِ اول میں شامل رہے گا۔