متحدہ عرب امارات کی موزمبیق کے سیلاب متاثرین کے لیے فوری انسانی امداد

ابوظہبی، 19 فروری، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات نے حالیہ شدید سیلاب سے متاثرہ موزمبیق کے عوام کی مدد کے لیے یو اے ای ایڈ ایجنسی کے ذریعے فوری امدادی سامان روانہ کیا ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا۔

یہ امداد متحدہ عرب امارات کے عالمی انسانی عزم اور انسان دوست ذمہ داری کے تحت فراہم کی گئی ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات اور موسمیاتی بحرانوں سے متاثرہ اقوام کی بروقت معاونت ہے۔ یہ اقدام ریاست کی خارجہ امدادی پالیسی سے ہم آہنگ ہے اور اقوام متحدہ، بین الاقوامی تنظیموں اور متاثرہ ممالک کے مقامی اداروں کے ساتھ جاری تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر یو اے ای ایڈ ایجنسی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے قدرتی آفات کے دوران فوری ردعمل اور متاثرہ کمیونٹیز کو بروقت امداد کی فراہمی میں متحدہ عرب امارات کے مؤثر عالمی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امدادی سرگرمیاں صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں، تاکہ بحران کی صورت میں فوری اور جامع مدد فراہم کی جا سکے اور ابتدائی بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

امدادی کھیپ میں خوراک، ادویات، کپڑے، پناہ گاہ کا سامان اور ہیضہ کے علاج کی ویکسین شامل ہیں، جو مردوں، خواتین اور بچوں سمیت متاثرہ آبادی کے تمام طبقات کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ ضروری خوراک مقامی منڈی سے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے تعاون سے خریدی جائے گی، تاکہ ہنگامی ردعمل کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو بھی سہارا دیا جا سکے۔

یہ امدادی کارروائیاں صدارتی دیوان برائے ترقی و شہداء کے امور کے نائب چیئرمین اور انٹرنیشنل ہیومینٹیرین اینڈ فلانتھروپک کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی نگرانی میں متعلقہ مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے انجام دی جا رہی ہیں۔