ابوظہبی، 28 فروری، 2026 (وام) --جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علاقائی سکیورٹی صورتحال میں کشیدگی کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کو عارضی اور جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام غیر معمولی احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ پروازوں، فضائی عملے اور ملکی فضائی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ سکیورٹی اور آپریشنل خطرات کا جامع جائزہ لینے کے بعد متعلقہ قومی اور بین الاقوامی حکام کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ فضائی حدود کی حفاظت اور ملکی سلامتی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یقین دہانی کرائی کہ صورتحال سے متعلق کسی بھی پیش رفت سے متعلقہ اداروں اور عوام کو بروقت آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔
اتھارٹی کے مطابق ایئرلائنز مقامی حکام کے ساتھ مل کر متاثرہ مسافروں کو ضروری رہائش اور معاونت فراہم کریں گی۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہوا بازی کے شعبے میں حفاظت کے اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے ان غیر معمولی حالات میں عوام کے تعاون اور تحمل کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ معلومات صرف سرکاری اور مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں۔