ابوظہبی، 9 مارچ، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے پیر کے روز ایران کی جانب سے داغے گئے 15 بیلسٹک میزائلوں کا پتہ لگایا، جن میں سے 12 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ تین میزائل سمندر میں جا گرے۔
وزارت دفاع کے مطابق اسی دوران مجموعی طور پر 18 ڈرونز کا بھی سراغ لگایا گیا جن میں سے 17 کو روک کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ ایک ڈرون ملک کی حدود میں گرا۔
وزارت نے بتایا کہ ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 253 بیلسٹک میزائلوں کا پتہ چلایا گیا ہے۔ ان میں سے 233 کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، 18 سمندر میں جا گرے جبکہ دو میزائل ملک کی حدود میں گرے۔ اسی طرح مجموعی طور پر 1,440 ایرانی ڈرونز کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 1,359 کو روک لیا گیا، جبکہ 81 ڈرون ملک کے اندر گرے۔ مزید برآں آٹھ کروز میزائلوں کا بھی پتہ لگا کر انہیں تباہ کر دیا گیا۔
ان حملوں کے نتیجے میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہریوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 117 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، ایتھوپیا، فلپائن، پاکستان، ایران، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، آذربائیجان، یمن، یوگنڈا، اریٹیریا، لبنان، افغانستان، بحرین، کوموروس، ترکیہ، عراق، نیپال، نائجیریا، عمان، اردن اور فلسطین کے شہری شامل ہیں۔
وزارت دفاع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، تاکہ قومی مفادات اور صلاحیتوں کا ہر صورت دفاع یقینی بنایا جا سکے۔