متحدہ عرب امارات میں عید الفطر جمعہ 20 مارچ کو منائی جائے گی، صدارتی دیوان

ابوظہبی، 18 مارچ، 2026 (وام) --صدارتی دیوان نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جمعہ، 20 مارچ کو عید الفطر منائی جائے گی، جبکہ جمعرات، 19 مارچ ماہِ رمضان المبارک کا آخری دن ہوگا۔

صدارتی دیوان کے جاری بیان کے مطابق شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے قائم کمیٹی، جو متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل سے وابستہ ہے، نے بدھ کی شام ابوظہبی میں اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور فلکیاتی مشاہدات کا جائزہ لینے کے بعد اعلان کیا گیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس فیصلے کے مطابق جمعرات کو رمضان کے تیس روز مکمل ہوں گے اور اس کے بعد جمعہ کو عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔

اس موقع پر صدارتی دیوان نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم، سپریم کونسل کے اراکین اور دیگر اماراتی حکمرانوں، نائب صدر اور نائب وزیر اعظم اور چیئرمین صدارتی دیوان عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان، ولی عہد ابوظہبی عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، ولی عہدوں و نائب حکمرانوں، متحدہ عرب امارات کے عوام اور عالمِ عرب و اسلام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔

بیان کے اختتام پر اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ یہ بابرکت موقع متحدہ عرب امارات اور پوری دنیا کے لیے خیر، برکت اور خوشحالی کے ساتھ بار بار لوٹتا رہے۔