ابوظہبی، 19 مارچ، 2026 (وام) --نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران ملک میں فضائی عدم استحکام کی کیفیت برقرار رہے گی، جس کے باعث مغربی سمت سے بادلوں کا سلسلہ ملک کی جانب بڑھے گا۔
ادارے کے بیان کے مطابق اس صورتحال کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کنویکٹیو بادل تشکیل پائیں گے، جن کے ساتھ مختلف شدت کی بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک اور محدود علاقوں میں اولے پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی، جو دن کے وقت شمالی اور مشرقی علاقوں سمیت العین میں بعض مقامات پر شدید شکل اختیار کر سکتی ہے۔
اتوار کے روز بھی کنویکٹیو بادلوں کی تشکیل کا سلسلہ جاری رہے گا، خصوصاً شمالی و مشرقی علاقوں اور العین میں جس کے نتیجے میں مختلف شدت کی بارش کا امکان ہے۔
پیر اور منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں بادلوں کی سرگرمی برقرار رہے گی اور مختلف شدت کی بارش متوقع ہے، جبکہ بدھ کے روز بھی بادل چھائے رہیں گے اور شمالی و مشرقی علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمعرات سے ہفتہ تک بھی ملک کے مختلف علاقوں میں کنویکٹیو بادل بنتے رہیں گے، جس کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔