یو اے ای کی بحرین پر ایرانی حملے کی شدید مذمت

ابوظہبی، 24 مارچ، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات نے مملکت بحرین کو نشانہ بنانے والے ایران کے بلا اشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ساتھ خدمات انجام دینے والے ایک مراکشی شہری کنٹریکٹر شہید ہو گئے، جبکہ وزارت دفاع کے پانچ اہلکار اور متعدد بحرینی فوجی زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ جارحیت مملکت بحرین کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کی سلامتی و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، جو خلیجی تعاون کونسل کے ممالک اور وسیع تر خطے کے امن کو بھی متاثر کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے مملکت بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

وزارت نے اس افسوسناک واقعے پر شہید کے اہل خانہ، مملکت مراکش اور اس کی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔