شیخ عبداللہ بن زاید کے اہم سفارتی رابطے، خطے کی سیکیورٹی صورتحال زیرِ بحث

ابوظہبی، 26 مارچ، 2026 (وام) --نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ایران کے حالیہ میزائل حملوں کے بعد عالمی سطح پر سفارتی رابطوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ عبداللہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر، اسپین کے وزیر خارجہ خوسے مانوئل الباریس، فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں-نوئل بارو اور قازقستان کے وزیر خارجہ یرمیق کوشر بایوف سے گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے خطے کی سلامتی، استحکام اور عالمی معیشت پر ممکنہ اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی۔

بات چیت کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ متاثرہ ممالک کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق ضروری اقدامات کا مکمل حق حاصل ہے، تاکہ اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے والے دوست اور برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ملک میں تمام رہائشی اور زائرین محفوظ ہیں۔

رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں علاقائی امن و استحکام کے لیے عالمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے، تاکہ خطے کے عوام کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے اہداف کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔