یو اے ای اور یوکرین کے صدور کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور تعاون پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 29 مارچ، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے درمیان اہم ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور اس کے عالمی اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران جاری فوجی کشیدگی، علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی، عالمی معیشت اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے حملوں، خصوصاً شہریوں اور بنیادی تنصیبات پر حملوں، پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر زیلنسکی نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے یو اے ای اور یوکرین کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

شیخ محمد بن زاید نے یوکرین میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سفارتی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

ملاقات میں نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور چیئرمین صدارتی دیوان عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی امور عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن تہنون النہیان، اور دیگر وزراء و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یوکرین کے صدر کی آمد پر ہوائی اڈے پر وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل بن محمد المزروعی نے ان کا استقبال کیا۔