یاونڈے، کیمرون، 30 مارچ، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات نے عالمی تجارتی تنظیم کی 14ویں وزارتی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے کھلی اور اصولوں پر مبنی عالمی تجارت کے فروغ پر زور دیا۔
کانفرنس میں یو اے ای کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ تجارت کے انڈر سیکرٹری فہد الگرگاوی نے کی، جبکہ مختلف حکومتی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی وفد کا حصہ تھے۔
اپنے خطاب میں فہد الجرگاوی نے خبردار کیا کہ تجارتی پابندیاں عالمی معیشت کو تقسیم کر سکتی ہیں، جس سے معاشی ترقی متاثر اور مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی تجارتی بہاؤ کو برقرار رکھنے اور معیشت کی لچک کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں تجارتی نظام کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں، تاہم یو اے ای کھلی تجارت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
فہد الگرگاوی نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی غیر تیل تجارت 2025 میں بڑھ کر 3.8 ٹریلین درہم تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد اضافہ ہے، جس میں غیر تیل برآمدات اور جامع اقتصادی شراکت داری معاہدوں کا اہم کردار ہے۔
کانفرنس کے موقع پر یو اے ای نے افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے پر بھی توجہ دی، جبکہ مختلف ممالک کے نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کی گئیں۔
یہ کانفرنس عالمی تجارتی تنظیم کا اعلیٰ ترین فورم ہے، جس میں 166 ممالک کے وزراء اور حکام شریک ہوتے ہیں، اور اس بار اس کی میزبانی افریقی ملک کیمرون نے کی، جو عالمی تجارتی نظام میں افریقہ کے بڑھتے کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔