برج الائنس نے برج سمٹ کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز کی تاریخ 28 نومبر مقرر کر دی، یاس آئی لینڈ پر پانچ روزہ انعقاد

ابوظہبی، 13 اپریل، 2026 (وام) --برج الائنس نے اعلان کیا ہے کہ برج سمٹ کا دوسرا ایڈیشن 28 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ پر منعقد ہوگا، جس کا انعقاد مرال گروپ کے اشتراک سے کیا جائے گا، جبکہ اس مرتبہ سمٹ کا دورانیہ بڑھا کر پانچ دن کر دیا گیا ہے۔

یہ اعلان برج الائنس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے کی۔ اجلاس میں پہلے ایڈیشن کے نتائج کا جائزہ لیا گیا، جس نے خود کو میڈیا، مواد، ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کے عالمی رہنماؤں، فیصلہ سازوں اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے والے نمایاں عالمی فورم کے طور پر منوایا۔

اجلاس کے دوران برج سمٹ 2026 کی منصوبہ بندی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سمٹ کو سالانہ ایونٹ کی روایتی شکل سے نکال کر ایک ایسے ہمہ وقتی پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جائے گا جو سال بھر سرگرم رہے گا، مخصوص شعبہ جات پر توجہ دے گا، میڈیا سیکٹر کو درپیش چیلنجز کا حل پیش کرے گا اور عملی اقدامات کے ذریعے ذمہ دارانہ جدت کو فروغ دے گا۔

اجلاس کے موقع پر عبداللہ الحامد نے اپنے خطاب میں کہا کہ برج سمٹ 2026 محض سابقہ ایڈیشنز کا تسلسل نہیں ہوگا بلکہ یہ تین اہم سطحوں پر نمایاں پیش رفت کی نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سمٹ کا یاس آئی لینڈ منتقلی اس کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کی عکاس ہے، پانچ روزہ دورانیہ جدت اور مکالمے کے لیے مزید مواقع فراہم کرے گا، جبکہ اس کا مواد تخلیقی معیشت، معلومات کی درستگی اور نئی نسلوں کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ برج کا مقصد مکالمے سے عملی اقدامات، اور انفرادی آوازوں سے اجتماعی کاوشوں کی جانب پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے مطابق برج ایک ایسا پل ہے جو مختلف جغرافیائی و سیاسی تناظر رکھنے والے فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے اور مشترکہ عالمی اہداف کے حصول میں مدد دیتا ہے۔

عبداللہ الحامد نے مزید کہا کہ برج کا آئندہ مرحلہ ایک ایونٹ سے بڑھ کر ایک جامع نظام کی صورت اختیار کرے گا، جو میڈیا کے کردار کو ترقی، معیشت اور علم کے تناظر میں نئی جہت فراہم کرے گا۔

دریں اثنا، برج الائنس کے نائب چیئرمین ڈاکٹر جمال الکعبی نے کہا کہ سمٹ میں متعارف کرائی جانے والی تبدیلیاں متحدہ عرب امارات میں میڈیا، مواد اور تفریحی معیشت کے فروغ کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برج ایک مؤثر عملی ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ دوسرا ایڈیشن پیشہ ورانہ شراکت داریوں کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہوگا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس مقصد کے لیے ایک منظم حکمت عملی اپنائی جائے گی، جس کے تحت سرمایہ کاروں، پروڈیوسرز، میڈیا و ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز، مواد تخلیق کاروں اور جدت کاروں کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا، تاکہ کاروباری ماڈلز کی ترقی، مشترکہ پیداوار اور علاقائی و عالمی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دی جا سکے۔

اجلاس کے دوران الائنس کے اراکین نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں، جو اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ برج سمٹ کا دوسرا ایڈیشن پہلے کے مقابلے میں زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ اب توجہ تصور کے اثبات سے آگے بڑھ کر اس کے اثرات کو وسعت دینے اور اسے ایک مضبوط ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئندہ سمٹ کو صرف مکالمے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے فیصلہ سازی کا مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے، جس کے نتائج قابل پیمائش اور عملی نوعیت کے ہوں، اور جو الائنس کے تحت اداروں کی حقیقی صلاحیتوں کی عکاسی کریں۔