ابوظہبی، 26 اپریل، 2026 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے اسلامی جمہوریہ موریطانیہ کے صدر محمد ولد شیخ الغزوانی نے ملاقات کی، جو ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک اور ان کے عوام کی ترقیاتی عزائم کو آگے بڑھانا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امارات اور موریطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک میں ترقی اور پائیدار معاشی نمو کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی امن و سلامتی، سمندری تحفظ، توانائی کی ترسیل اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک میں شہریوں اور سویلین تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ایرانی دہشت گرد حملوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر موریطانیہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے امارات کی جانب سے اپنی خودمختاری، استحکام اور شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان، صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، اماراے کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان سمیت متعدد شیوخ اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔