شامی وزیرِ اوقاف کی یو اے ای کے کردار کی تعریف، رواداری اور بقائے باہمی کو مثالی قرار

ابوظہبی، 29 اپریل، 2026 (وام)--شام کے وزیرِ اوقاف محمد ابو الخیر شکری نے متحدہ عرب امارات کو اسلامی اقدار کے فروغ، رواداری اور بقائے باہمی کے عملی نمونے کے طور پر سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای نے دنیا کے سامنے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے اسلام کی اصل تعلیمات، خصوصاً دیگر ثقافتوں کے احترام کو اجاگر کرتے ہوئے خود کو ایک ایسے عالمی ماڈل کے طور پر منوایا ہے جہاں 200 سے زائد قومیتیں پرامن طور پر رہتی ہیں، جبکہ یہ ملک عالمی امن کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کا مرکز بھی بن چکا ہے۔

یہ بات انہوں نے ابوظہبی میں اسلامی امور، اوقاف و زکوٰۃ کی جنرل اتھارٹی کے دورے کے دوران کہی، جہاں اتھارٹی کے چیئرمین عمر حبتور الدرعی اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر عمر الدرعی نے شامی وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور مذہبی امور کے انتظام کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی معاشرتی ضروریات کے مطابق متوازن اسلامی فکر کو فروغ دینے کے لیے تعلیم، آگاہی اور رہنمائی کے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یو اے ای کی قیادت رواداری، بقائے باہمی اور امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے اتھارٹی اور اس کے اقدامات کی مسلسل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

شامی وزیر نے اتھارٹی کی حکمت عملی اور خدمات کی فراہمی میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا، اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

دونوں جانب سے مذہبی امور میں تعاون بڑھانے، تجربات کے تبادلے اور ائمہ و مذہبی رہنماؤں کی تربیت کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔