چین کے لاجسٹکس شعبے میں پہلی سہ ماہی کے دوران 6.2 فیصد سالانہ اضافہ

بیجنگ، یکم مئی، 2026 (وام)--چین کے لاجسٹکس شعبے نے 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں اہم اشاریوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چائنا فیڈریشن آف لاجسٹکس اینڈ پرچیزنگ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ تک چین میں مجموعی سماجی لاجسٹکس کی مالیت 96.4 کھرب یوآن (تقریباً 14 کھرب امریکی ڈالر) رہی، جو تقابلی قیمتوں کی بنیاد پر سالانہ 6.2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ شرح 2025 کے مجموعی سال اور گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صنعتی شعبہ لاجسٹکس کی ترقی کا سب سے بڑا محرک رہا، جہاں صنعتی اشیاء کی لاجسٹکس مالیت میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا، جو مجموعی اضافے کا 80 فیصد سے زائد حصہ ہے۔ اس شعبے میں مینوفیکچرنگ کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ رہا۔

شِنہوا کے مطابق روزمرہ ضروریات سے متعلق لاجسٹکس میں بھی مستحکم اضافہ دیکھا گیا، جبکہ نئی صارفین رجحانات نے اس شعبے کو مزید تقویت دی۔ اس دوران چین میں آن لائن ریٹیل فروخت 7.5 فیصد بڑھ گئی، جو مجموعی صارف اشیاء کی فروخت کا 24.8 فیصد بنتی ہے۔