ابوظہبی، 3 مئی، 2026 (وام)--متحدہ عرب امارات کے اہم صنعتی فورم “میک اٹ اِن دی ایمریٹس” کا پیر سے ابوظہبی میں آغاز ہو گا، جس میں چار روز کے دوران 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد زائرین کی شرکت متوقع ہے۔
فورم کا پانچواں اور اب تک کا سب سے بڑا ایڈیشن “جدید صنعت، مضبوط مستقبل” کے عنوان سے ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں منعقد ہوگا، جس میں 88 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تقریباً 1,200 نمائش کنندگان 12 اہم صنعتی شعبوں کی نمائندگی کریں گے، جن میں جدید مینوفیکچرنگ، ایرو اسپیس، دفاع، فارماسیوٹیکل، توانائی، نقل و حرکت اور پائیدار مواد شامل ہیں۔
اس سال کے ایونٹ کا حجم یو اے ای کی صنعتی ترقی کی رفتار اور معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جہاں 2021 کے بعد صنعتی جی ڈی پی میں 70 فیصد اضافہ ہوا جبکہ برآمدات بڑھ کر 262 ارب درہم سے تجاوز کر گئی ہیں۔
فورم کے دوران حکومت، قومی اداروں اور عالمی کمپنیوں کے درمیان اہم معاہدوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔
وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی (MoIAT) اس موقع پر نئی حکمت عملیوں اور اقدامات کا اعلان کرے گی، جن کا مقصد صنعتی استحکام کو بڑھانا اور کاروباری اداروں کو موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دینا ہے، جن میں اِن کنٹری ویلیو پروگرام کا نیا مرحلہ بھی شامل ہے۔
اس سال فورم میں چار نئے خصوصی “ہَبز” متعارف کرائے گئے ہیں، جو صنعتی صلاحیتوں کو عملی طور پر فروغ دینے پر توجہ دیں گے۔
انٹیلیجنس ہب میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، ڈرونز، الیکٹرک گاڑیاں اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز پیش کی جائیں گی، جبکہ انڈسٹری نیکسٹ جن ہب چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کو سرمایہ کاری اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرے گا۔
کوالٹی ہب عالمی معیار کے مطابق مصنوعات کی تصدیق اور سرٹیفکیشن پر رہنمائی دے گا، جبکہ “ہاؤس آف انڈسٹری” یو اے ای کی صنعتی تاریخ اور ترقی کو جدید انداز میں پیش کرے گا۔
یہ فورم وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام وزارت ثقافت، ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس، ادنوک اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صنعتی حکمت عملی کو عملی شکل دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔