مبادلہ کی برطانیہ کے دنیا کے سب سے بڑے آف شور ونڈ فارم منصوبے میں 325 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری

ابوظہبی، 12 مئی 2026 (وام)--مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی نے برطانیہ میں دنیا کے سب سے بڑے آف شور ونڈ فارم منصوبے “ہارن سی 3” میں 325 ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جو مکمل ہونے کے بعد ایک ہی مقام پر قائم دنیا کا سب سے بڑا سمندری ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا منصوبہ بن جائے گا۔

یہ منصوبہ برطانیہ کے علاقے نورفوک کے ساحل کے قریب واقع ہے، جہاں مبادلہ اپولو کے زیرِ انتظام فنڈز کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے ساتھ سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس میں یو ایس ایس اور لا کیس بھی شامل ہیں۔

یہ سرمایہ کاری اپولو فنڈز کی جانب سے “ہارن سی 3” ہولڈنگ جوائنٹ وینچر میں 50 فیصد حصص خریدنے کے بعد سامنے آئی ہے، جبکہ ڈنمارک کی توانائی کمپنی “اورسٹیڈ” باقی 50 فیصد حصص برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی ترقی، تعمیر اور آپریشن کی قیادت جاری رکھے گی۔

“ہارن سی 3” شمالی سمندر کے “ہارن سی زون” میں اورسٹیڈ کا تیسرا گیگاواٹ سطح کا آف شور ونڈ منصوبہ ہے۔

منصوبہ مکمل ہونے پر 2.9 گیگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، جو برطانیہ کے 33 لاکھ سے زائد گھروں کو قابلِ تجدید توانائی فراہم کرنے کے لیے کافی ہوگی۔

چین کے بعد برطانیہ دنیا کی سب سے بڑی آف شور ونڈ مارکیٹ تصور کیا جاتا ہے، جہاں مستحکم ضابطہ جاتی ماحول اور طویل مدتی حکومتی پالیسیوں نے اس شعبے کی ترقی کو تقویت دی ہے۔

برطانیہ نے 2030 تک آف شور ونڈ توانائی کی صلاحیت 50 گیگاواٹ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، جو “نیٹ زیرو” اہداف کے حصول کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

توقع ہے کہ 2060 تک برطانیہ میں بجلی کی طلب دوگنا سے بھی زیادہ ہو جائے گی، جس کی وجہ ٹرانسپورٹ، ہیٹنگ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیاں ہیں۔

مبادلہ میں یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقا کے انفراسٹرکچر شعبے کے سربراہ کریم الجزار نے کہا کہ “ہارن سی 3” ایک بڑا اسٹریٹجک انفراسٹرکچر منصوبہ ہے، جو دنیا کی نمایاں آف شور ونڈ مارکیٹس میں قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری مبادلہ کی اس حکمتِ عملی کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت کمپنی تجربہ کار شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے معیاری انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتی ہے، جو توانائی کی منتقلی کو فروغ دینے کے ساتھ طویل مدتی اقتصادی فوائد بھی فراہم کریں۔

اپولو کے انفراسٹرکچر پارٹنر ایڈم پیٹری نے کہا کہ مبادلہ ایک غیر معمولی شراکت دار ہے، اور “ہارن سی 3” کنسورشیم میں اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مبادلہ کی سرمایہ کاری اس منصوبے کے معیار، حجم اور مستقبل کی صلاحیت پر عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، جو برطانیہ میں 30 لاکھ سے زائد گھروں کو قابلِ اعتماد اور صاف توانائی فراہم کرے گا۔

یہ معاہدہ اپولو اور مبادلہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا ہے اور قابلِ تجدید توانائی کے عالمی منصوبوں میں مبادلہ کی بڑھتی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔

مبادلہ اس سے قبل بھی “ٹاٹا پاور رینیوایبلز”، “اسکائی بورن رینیوایبلز”، “پی اے جی رینیوایبلز” اور “ریزولو انرجی” سمیت کئی عالمی قابلِ تجدید توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکی ہے۔