دبئی، 12 مئی 2026 (وام)--دبئی چیمبرز نے اعلان کیا ہے کہ “دبئی بزنس فورم ۔ چین” کا آئندہ ایڈیشن 14 اکتوبر 2026 کو چین کے شہر شین ژین میں “مومینٹم ایٹ اسکیل: مشترکہ کامیابی کی رفتار کو تیز کرنا” کے عنوان کے تحت منعقد ہوگا۔
فورم میں دبئی اور چین کے کاروباری رہنما، سرمایہ کار، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندے اور نجی شعبے کی اہم شخصیات شرکت کریں گی، جہاں اسٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع میں توسیع اور تجارت، جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دبئی چیمبرز کے مطابق فورم کا مقصد دبئی اور چین کے درمیان تیزی سے فروغ پاتے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تجارت، سرمایہ کاری اور سرحد پار تعاون کیلئے عملی پلیٹ فارمز فراہم کرنا ہے۔
فورم میں دبئی کو چینی کمپنیوں کیلئے ایک عالمی کاروباری مرکز کے طور پر اجاگر کیا جائے گا، جہاں سے وہ علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک مؤثر رسائی حاصل کر سکیں گی۔
دبئی چیمبرز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی راشد لوٹاہ نے کہا کہ دبئی اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شین ژین میں فورم کا انعقاد اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
محمد علی راشد لوٹاہ کے مطابق یہ فورم ڈیجیٹل معیشت، ابھرتی ٹیکنالوجیز، لاجسٹکس اور جدید مینوفیکچرنگ سمیت اہم شعبوں میں مؤثر مواقع تلاش کرنے کیلئے ایک اسٹریٹجک پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو دبئی کے تیزی سے ترقی کرتے کاروباری نظام سے جوڑ کر یہ فورم ان کی عالمی توسیع کی حکمتِ عملی کو تقویت دے گا، جبکہ “دبئی اکنامک ایجنڈا D33” کے اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
فورم میں سرکاری و نجی شعبے کے اعلیٰ حکام، عالمی کمپنیاں، ٹیکنالوجی اسکیل اپس، سرمایہ کار اور وینچر کیپیٹل ادارے شریک ہوں گے، جہاں مختلف شعبوں میں کاروباری ترقی کیلئے نئے مواقع اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
فورم کے ایجنڈے میں خصوصی مکالمے، شعبہ جاتی مباحثے اور بزنس نیٹ ورکنگ سیشن شامل ہوں گے، جن کا مقصد اسٹریٹجک مواقع کو عملی کاروباری نتائج میں تبدیل کرنا ہے۔
شین ژین کو اس ایڈیشن کی میزبانی کیلئے اس کے عالمی ٹیکنالوجی، جدت اور جدید مینوفیکچرنگ کے مرکز کے طور پر نمایاں مقام کے باعث منتخب کیا گیا ہے۔ یہ شہر “گریٹر بے ایریا” کے قلب میں واقع ہے، جو دنیا کے اہم ترین ٹیکنالوجی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔
فورم کے دوران ڈیجیٹل تبدیلی، اسمارٹ موبیلٹی، لاجسٹکس، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، وینچر کیپیٹل اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں دبئی اور چین کے درمیان تعاون کے امکانات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ فورم دبئی چیمبرز کی اُن مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد عالمی اقتصادی شراکت داریوں کو فروغ دینا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور دبئی کو تجارت، سرمایہ کاری اور جدت کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم بنانا ہے۔
یہ “دبئی بزنس فورم” کا پانچواں بین الاقوامی ایڈیشن جبکہ چین میں منعقد ہونے والا دوسرا ایڈیشن ہوگا۔
اس سے قبل اگست 2024 میں بیجنگ میں منعقدہ فورم میں 800 سے زائد کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
لندن، ہیمبرگ اور نیویارک میں منعقدہ کامیاب ایڈیشنز کے بعد یہ فورم دبئی چیمبرز کے عالمی اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے کردار کو مزید تقویت دے رہا ہے۔