یو اے ای کی یمن کے قریب آئل ٹینکر ہائی جیک کرنے کی مذمت، مصری ملاحوں کی بحفاظت رہائی پر زور

ابوظہبی، 12 مئی 2026 (وام)--متحدہ عرب امارات نے یمن کے ساحل کے قریب مصری ملاحوں کو لے جانے والے آئل ٹینکر کے اغوا اور اسے صومالیہ کے علاقائی پانیوں میں منتقل کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی مجرمانہ کارروائیاں بین الاقوامی بحری سلامتی اور عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔

وزارت نے مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اغوا کیے گئے ملاحوں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کیلئے جاری تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

بیان میں اہم بحری گزرگاہوں میں قزاقی اور منظم جرائم کے انسداد کیلئے بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وزارتِ خارجہ نے کہا کہ بحری آمدورفت کا تحفظ عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت کے استحکام کی بنیادی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات نے تجارتی جہازوں کے تحفظ، عملے کی سلامتی اور بین الاقوامی بحری راستوں کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی اور عالمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔