ابوظہبی، 16 مئی، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات نے علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے کے امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک خطے کی عوام کو تنازعات کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے ایران کے بلااشتعال حملوں اور دھمکیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں متحدہ عرب امارات کی جانب تقریباً 3 ہزار بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرونز داغے گئے، جن کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے، جبکہ شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
وزارت نے کہا کہ یہ حملے ریاستوں کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کیلئے براہِ راست خطرہ ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے گئے تمام اقدامات دفاعی نوعیت کے تھے، جن کا مقصد ملکی خودمختاری، شہریوں اور اہم تنصیبات کا تحفظ تھا، اور یہ اقدامات قومی سلامتی کے دفاع اور استحکام برقرار رکھنے کے جائز حق کے تحت اٹھائے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کسی بھی خطرے یا معاندانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئے اپنے مکمل خودمختار، قانونی، سفارتی اور عسکری حقوق محفوظ رکھتا ہے۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دباؤ ڈالنے کی کوششیں، گمراہ کن بیانیے یا بے بنیاد الزامات متحدہ عرب امارات کے اصولی مؤقف کو متاثر نہیں کر سکتے اور نہ ہی ملک کو اپنے اعلیٰ قومی مفادات، خودمختاری اور آزادانہ فیصلوں کے تحفظ سے روک سکتے ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے کے امن و استحکام کے فروغ اور مشترکہ خلیجی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک، علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔