صدر عزت مآب شیخ محمد بن اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال

ابوظہبی، 16 مئی، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران صدر پیوٹن نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کیلئے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور کامیاب ثالثی کوششوں پر صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا، اور ان کوششوں کی اہمیت اور انسانی اثرات کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی امن و سلامتی پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات کا بھی جائزہ لیا۔

فریقین نے بین الاقوامی جہازرانی کی آزادی، توانائی کے تحفظ اور عالمی معیشت پر موجودہ صورتحال کے اثرات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔