ابوظہبی، 17 مئی، 2026 (وام) -- فیڈرل اتھارٹی برائے نیوکلیئر ریگولیشن نے کہا ہے کہ الظفرہ ریجن میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حفاظتی حصار سے باہر برقی جنریٹر میں ڈرون حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کے واقعے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اتھارٹی نے تصدیق کی کہ اس واقعے سے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی سلامتی یا اس کے بنیادی نظاموں کی تیاری متاثر نہیں ہوئی۔
ادارے کے مطابق کسی قسم کا تابکاری مواد خارج نہیں ہوا، جبکہ تابکاری تحفظ کی سطح معمول کے مطابق ہے اور عوام یا ماحولیات کو کسی خطرے کا سامنا نہیں۔ واقعے میں کسی زخمی ہونے کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔
اتھارٹی نے بتایا کہ وہ پلانٹ آپریٹر اور متعلقہ قومی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے اور پلانٹ کے نظاموں کی مکمل فعالیت اور تیاری کی تصدیق جاری رکھی جا سکے۔
ادارے نے کہا کہ اپنے آزاد ریگولیٹری اختیارات کے تحت وہ قومی طریقۂ کار کے مطابق اس واقعے کا جائزہ لے رہا ہے اور تابکاری صورتحال و پلانٹ کی حالت کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔
فانر کے مطابق براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کو عالمی معیار کے اعلیٰ ترین نیوکلیئر تحفظ اور سلامتی اصولوں کے مطابق ڈیزائن، لائسنس اور آپریٹ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پلانٹ کے ڈیزائن اور آپریشن کے ہر مرحلے میں متعدد آزاد حفاظتی پرتیں شامل کی گئی ہیں تاکہ مختلف حالات میں محفوظ اور پائیدار انداز میں صاف توانائی کی پیداوار یقینی بنائی جا سکے۔
فیڈرل اتھارٹی برائے نیوکلیئر ریگولیشن نے واضح کیا کہ عوام، کارکنوں اور ماحولیات کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے، جبکہ براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے محفوظ اور مستحکم آپریشن کو یقینی بنانے کیلئے سخت اور آزادانہ ریگولیٹری نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی کہ درست معلومات کیلئے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات کے تبادلے سے گریز کریں۔
ادارے نے مزید کہا کہ جیسے ہی مزید مصدقہ معلومات دستیاب ہوں گی، ان سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔