عجمان، 18 مئی، 2026 (وام) -- عجمان چیمبر نے قومی صنعت کو بااختیار بنانے اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دینے کیلئے “صنعتی اداروں کے دورہ پروگرام” کا آغاز کیا ہے۔
یہ پروگرام عجمان محکمہ خزانہ اور عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد حکومتی اداروں کو عجمان میں تیار کی جانے والی صنعتی مصنوعات کے اعلیٰ معیار، جدید ٹیکنالوجی، مؤثریت اور اختراعی صلاحیتوں سے براہِ راست آگاہ کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت قومی فیکٹریوں کی جدید پیداواری صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ ان کی مسابقت میں اضافہ ہو اور حکومتی خریداری نظام میں ان کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
اس کے علاوہ خریداری کے شعبے سے وابستہ حکام کو صنعتی اداروں کے معیار اور حکومتی تقاضوں سے مطابقت کا براہِ راست جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
چیمبر نے پروگرام کا آغاز 'الراحی فوڈ اسٹف فیکٹری' کے دورے سے کیا، جس میں عجمان چیمبر کے محکمہ تعلقات و معاونت برائے اراکین کی ڈائریکٹر جمیلہ النعیمی، گورنمنٹ کمیونیکیشن ڈائریکٹر عبداللہ عبدالمحسن النعیمی، اور عجمان کے مختلف حکومتی اداروں سے تعلق رکھنے والے خریداری افسران نے شرکت کی۔
وفد نے دورے کے دوران پیداواری لائنوں، استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کے معیار کا جائزہ لیا، جبکہ فیکٹری کی مصنوعات کو حکومتی خریداری نظام میں شامل کرنے اور براہِ راست تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جمیلہ النعیمی نے کہا کہ پروگرام کے تحت عجمان کی نمایاں قومی فیکٹریوں کے متعدد فیلڈ دورے کیے جائیں گے تاکہ ان کی معاونت، مقامی مارکیٹ میں مسابقت اور حکومتی معاہدوں میں حصہ داری کو فروغ دیا جا سکے۔
عبداللہ النعیمی کے مطابق یہ پروگرام “میک اِن دی ایمریٹس” اقدام کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد صنعتی شعبے کو مضبوط بنانا اور قومی معیشت میں اس کے کردار کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام قومی فیکٹریوں کیلئے اپنی پیداواری صلاحیتوں کے اظہار اور براہِ راست شراکت داریوں کے قیام کا ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔