دبئی ہولڈنگ اور مائیکروسافٹ کا مصنوعی ذہانت کے فروغ کیلئے اسٹریٹجک اشتراک

دبئی، 18 مئی، 2026 (وام) -- دبئی ہولڈنگ نے مائیکروسافٹ کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مصنوعی ذہانت کو اپنے آپریشنز کے بنیادی ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا، تاکہ گروپ کو مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں انٹرپرائز سطح پر اے آئی اپنانے والے صفِ اول کے اداروں میں شامل کیا جا سکے۔

یہ اشتراک خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی انٹرپرائز سطح کی اے آئی تنصیب ہے اور دبئی ہولڈنگ کی اس حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت جدید ٹیکنالوجیز کو بنیادی آپریشنل صلاحیتوں کے طور پر اپنایا جا رہا ہے، تاکہ گروپ کے مختلف شعبوں میں زیادہ مربوط، مؤثر اور کارکردگی پر مبنی نظام قائم کیا جا سکے۔

یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے اس وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے استعمال میں عالمی قیادت حاصل کرنا ہے۔

اس اشتراک کے تحت دبئی ہولڈنگ مصنوعی ذہانت کو اپنے بنیادی آپریشنل نظام اور فیصلہ سازی کے فریم ورک میں شامل کرے گا، جس سے رئیل اسٹیٹ، مہمان نوازی، ریٹیل، تفریح، سرمایہ کاری اور کمیونٹی مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں آپریشنل مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔

گروپ کے ملازمین کو ایک متحدہ ڈیجیٹل انٹرفیس کے ذریعے اے آئی ٹولز تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ انہیں روزمرہ ذمہ داریوں میں براہِ راست استعمال کر سکیں۔

اس میں اے آئی ایجنٹس کی تیاری اور استعمال بھی شامل ہوگا، جو معمول کے کاموں کو خودکار بنانے اور ورک فلو کو مؤثر بنانے میں مدد دیں گے، جس سے ادارے میں پیداواریت اور فیصلہ سازی کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی آئے گی۔

اس عمل کی معاونت کیلئے تربیت اور استعداد سازی کا ایک منظم پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس میں خصوصی ورکشاپس اور عملی مثالوں پر مبنی تربیت شامل ہوگی تاکہ ملازمین ان جدید صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

دبئی ہولڈنگ کا یہ اقدام دبئی کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کی حکمت عملی میں بھی معاون ثابت ہوگا، جو “یو اے ای نیشنل اے آئی اسٹریٹجی 2031” اور “دبئی اے آئی روڈ میپ” جیسے قومی منصوبوں سے ہم آہنگ ہے، اور امارات کو اختراعی ٹیکنالوجی اور ذمہ دارانہ اے آئی استعمال کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔

یہ اشتراک مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دبئی ہولڈنگ کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری شامل ہے، جن میں پالانٹیر ٹیکنالوجیز کے ساتھ قائم مشترکہ منصوبہ “Aither” بھی شامل ہے۔

دبئی ہولڈنگ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر امیت کوشل نے کہا کہ ٹیکنالوجی ادارے کے کاروباری ماڈل اور ویلیو تخلیق کے عمل کا بنیادی جزو بن چکی ہے، جبکہ مائیکروسافٹ کے ساتھ یہ اشتراک مصنوعی ذہانت کو بنیادی آپریشنز میں شامل کرنے کی ایک سوچا سمجھا قدم ہے۔

اس موقع پر مائیکروسافٹ کے نائب چیئرمین اور صدر بریڈ اسمتھ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے اگلے مرحلے کا انحصار اس بات پر ہے کہ ادارے اسے بڑے پیمانے پر کس طرح استعمال کرتے ہیں تاکہ پیداواریت اور طویل المدتی قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ کا کردار دبئی ہولڈنگ جیسے اداروں کو محفوظ اور مؤثر انداز میں اے آئی کو اپنے نظام میں شامل کرنے کیلئے ضروری پلیٹ فارمز اور صلاحیتیں فراہم کرنا ہے، تاکہ ذمہ دارانہ اختراع کو فروغ دیا جا سکے جو ملازمین، کاروبار اور معیشت کیلئے فائدہ مند ثابت ہو۔