اے ڈی پورٹس گروپ اور بروج کے درمیان برآمدی صلاحیت بڑھانے کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری

ابوظہبی، 19 مئی، 2026 (وام) -- اے ڈی پورٹس گروپ نے بروج پی ایل سی کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد برآمدی صلاحیت، آپریشنل لچک اور سپلائی چین کے استحکام کو فروغ دینے کیلئے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل پر ایک متبادل بین الاقوامی برآمدی مرکز کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیں گے، جو بروج کی طویل المدتی برآمدی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد برآمدات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بروج کے لاجسٹک نیٹ ورک میں پائیدار لچک پیدا کرنا ہے۔

یہ تعاون اے ڈی پورٹس گروپ کی مضبوط بحری روابط، فجیرہ ٹرمینلز اور مشرقی بندرگاہی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشرقی ساحل پر پولی اولیفنز سے متعلق خصوصی انفراسٹرکچر کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لے گا۔

دونوں فریق محدود بحری راستوں پر انحصار کم کرنے، جہازوں کی آمدورفت اور روٹنگ میں لچک بڑھانے اور شپنگ کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون کے ذریعے فجیرہ ٹرمینلز سے نئی بحری راہداریوں کے قیام کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔

ان اقدامات کا مقصد مختلف بندرگاہوں اور لاجسٹک سہولیات کے ذریعے مستحکم اور قابلِ اعتماد برآمدی نظام کو فروغ دینا ہے۔

اے ڈی پورٹس گروپ کے پورٹس کلسٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیف المزروعی نے کہا کہ وہ بروج کے ساتھ ایسے مواقع تلاش کرنے کیلئے پُرامید ہیں جو گروپ کی مربوط بندرگاہی اور لاجسٹک صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتی برآمدات اور علاقائی و عالمی تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنائیں۔

بروج پی ایل سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حازم سلطان السویدی نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری بروج کی لاجسٹک صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور کمپنی کی مسلسل ترقی کی حمایت میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی پورٹس گروپ کے ساتھ مل کر ایک زیادہ لچکدار اور متنوع لاجسٹک نیٹ ورک تشکیل دیا جا رہا ہے، جو سپلائی کے تسلسل اور عالمی سطح پر بروج کی قابلِ اعتماد سپلائر کے طور پر حیثیت کو مزید مستحکم کرے گا، جبکہ یہ یو اے ای کی صنعتی حکمت عملی کی بھی حمایت کرے گا۔

بروج پی ایل سی، اے ڈی پورٹس گروپ کے ذریعے سب سے زیادہ برآمدات کرنے والی کمپنی ہے۔

یہ تعاون دونوں اداروں کے درمیان 2001 سے جاری طویل شراکت داری کا تسلسل ہے اور سپلائی چین کے استحکام اور متحدہ عرب امارات کو عالمی لاجسٹک و صنعتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔