ابوظبی میں آئی ایس این آر 2026 کا آغاز، عالمی سکیورٹی ماہرین اور ادارے شریک

ابوظہبی، 19 مئی، 2026 (وام) -- نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان کی سرپرستی میں “انٹرنیشنل ایگزیبیشن فار نیشنل سکیورٹی اینڈ ریزیلیئنس” (ISNR 2026) کے نویں اور اب تک کے سب سے بڑے ایڈیشن کا آج باضابطہ آغاز ہو گیا۔

قومی سلامتی کے نظام کو فروغ دینے اور جدید ترین سکیورٹی و سول ڈیفنس حل پیش کرنے کیلئے منعقد کی جانے والی یہ نمائش 19 سے 21 مئی 2026 تک ابوظہبی کے ایڈنیک سینٹر میں جاری رہے گی۔

ISNR 2026 کا انعقاد اِیڈنیک گروپ، جو “مدن” کمپنی کا حصہ ہے، وزارتِ داخلہ کے تعاون اور ابوظہبی پولیس جنرل ہیڈکوارٹرز کی اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ کر رہا ہے۔

یہ نمائش سکیورٹی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور قومی سلامتی کی علاقائی و عالمی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے کیلئے علم و تجربات کے تبادلے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

ISNR 2026 اپنے قیام سے اب تک کا سب سے بڑا ایڈیشن ہے، جس میں شریک کمپنیوں اور برانڈز کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مجموعی طور پر 253 نمائش کنندگان شریک ہیں۔

نمائش کا رقبہ بھی گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 17 فیصد بڑھ کر 28 ہزار مربع میٹر تک پہنچ گیا ہے۔

اس سال شریک 60 فیصد کمپنیاں قومی جبکہ 40 فیصد بین الاقوامی ہیں، جو 37 ممالک کی نمائندگی کر رہی ہیں، جن میں 9 ممالک پہلی بار نمائش میں شریک ہو رہے ہیں۔

ISNR 2026 آٹھ اہم شعبوں کا احاطہ کرتی ہے، جن میں قومی سلامتی، سائبر سکیورٹی، کمرشل سکیورٹی، فائر اینڈ سیفٹی سروسز، اہم انفراسٹرکچر کا تحفظ، مصنوعی ذہانت اور نگرانی کی ٹیکنالوجیز، پولیسنگ و قانون نافذ کرنے والے ادارے، اور فزیکل و پریمیئر سکیورٹی شامل ہیں۔

یہ ایونٹ سول ڈیفنس، فائر فائٹنگ اور ہنگامی ردعمل سے متعلق اداروں اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے، جبکہ فیصلہ سازوں کو جدید ترین اختراعات اور ریسکیو صلاحیتوں کا جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔

ISNR 2026 کے دوران “ابوظہبی گلوبل سسٹین ایبل سکیورٹی سمٹ” کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جو یو اے ای کی قیادت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ملک کو عالمی سکیورٹی مکالمے اور مستقبل کے حلوں کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔

تقریب میں عالمی چیلنجز، سکیورٹی میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کے کردار، اور ہنگامی نظاموں کی پائیداری جیسے موضوعات پر گفتگو کی جائے گی، جو وزارتِ داخلہ کے جدید حل اپنانے کے عزم سے ہم آہنگ ہیں۔

اس سال کی نمائش میں متعدد نئی سرگرمیاں بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں 'کوڈ بریکر ہیکاتھون' اور 'فائر ہب' نمایاں ہیں۔

یہ سرگرمیاں انفراسٹرکچر کے تحفظ اور ہنگامی ردعمل سے متعلق جدید حل اور ٹیکنالوجیز کو اجاگر کریں گی، جبکہ ابوظہبی کی عالمی سکیورٹی تعاون اور اختراع کے مرکز کی حیثیت کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

نمائش میں “K9 ایجیلیٹی ڈسپلے” بھی پیش کیا جائے گا، جس میں خصوصی پولیس ڈاگ یونٹس کی فٹنس، درستگی اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس میں وزارتِ داخلہ، ابوظہبی پولیس، گلوبل K9 اکیڈمی اور اردن کے پولیس کینائن یونٹس شرکت کریں گے، جو تربیت اور صلاحیتوں میں جدید پیش رفت کا مظاہرہ کریں گے۔

اس کے علاوہ “ISNR فٹنس چیمپئن شپ” بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جو ایڈنیک گروپ اور آکسیجن جم کے تعاون سے وزارتِ داخلہ کے اشتراک کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔ اس کا مقصد ہنگامی اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے درکار اعلیٰ جسمانی معیار کو اجاگر کرنا ہے۔

“آج ہی کل کو محفوظ بنائیں” کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والا ISNR 2026 عالمی سکیورٹی اداروں، حکومتی تنظیموں، صنعت کے رہنماؤں اور ٹیکنالوجی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا تاکہ قومی سلامتی کے شعبے میں بدلتی ترجیحات پر غور کیا جا سکے۔

یہ نمائش ابوظہبی کو جدید سکیورٹی نظام کے عالمی مرکز اور خصوصی شعبوں کے درمیان علم و تجربات کے تبادلے کے اہم پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم کرتی ہے، جو یو اے ای کی قیادت کے قومی سلامتی اور سول ڈیفنس نظام کو ترقی دینے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔