ابوظہبی، 19 مئی، 2026 (وام) -- اتحاد ایئرویز رواں موسمِ گرما کے دوران پیرس کے شارل ڈیگال ایئرپورٹ (CDG) کیلئے اپنی ایئربس اے380 سروس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے روزانہ دو پروازوں تک بڑھا دے گی، جس کے بعد اس روٹ پر مجموعی طور پر روزانہ تین پروازیں دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کے ساتھ پیرس دنیا کے ان چند شہروں میں شامل ہو جائے گا جہاں اتحاد ایئرویز روزانہ دو مرتبہ اپنے معروف ڈبل ڈیکر اے380 طیارے آپریٹ کرے گی۔
یکم جولائی سے اتحاد ایئرویز کے توسیع شدہ شیڈول کے تحت زاید ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (AUH) سے پیرس کیلئے صبح اور دوپہر کے اوقات میں روزانہ دو اے380 پروازیں چلائی جائیں گی، جو کاروباری اور سیاحتی دونوں اقسام کے مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ روٹ پر روزانہ ایک تیسری پرواز بوئنگ 787-9 طیارے کے ذریعے بھی آپریٹ کی جائے گی، جس میں فرسٹ، بزنس اور اکانومی کلاس کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر اتحاد ایئرویز کے چیف ریونیو اور کمرشل آفیسر اریک ڈی نے کہا کہ پیرس ایئرلائن کی مقبول ترین اور پسندیدہ منزلوں میں شامل ہے، اور اس موسمِ گرما میں مسافروں کو مزید بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شارل ڈیگال کیلئے روزانہ دو اے380 پروازیں چلانا دنیا کی اہم ترین ٹریول مارکیٹس میں سے ایک پر اتحاد ایئرویز کے اعتماد کا مظہر ہے۔