کیلیفورنیا، 20 مئی، 2026 (وام) -- جنوبی کیلیفورنیا میں جنگلاتی آگ کے باعث 17 ہزار سے زائد افراد کو منگل کے روز اپنے گھروں سے انخلا کے احکامات جاری کر دیے گئے، جبکہ آگ نے رہائشی علاقوں کو خطرے میں ڈال دیا۔
“سینڈی فائر” نامی یہ آگ پیر کے روز سیمی ویلی کی پہاڑیوں میں بھڑکی، جو لاس اینجلس سے تقریباً 30 میل (48 کلومیٹر) شمال مغرب میں واقع ہے۔
وینچورا کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منگل کی صبح تک آگ دو مربع میل (5 مربع کلومیٹر) سے زائد خشک جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی اور کم از کم ایک گھر تباہ ہو گیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان اینڈریو ڈاؤڈ نے بتایا کہ ابتدا میں آگ کو 30 میل فی گھنٹہ (48 کلومیٹر فی گھنٹہ) سے زائد رفتار کی ہواؤں نے مزید بھڑکایا، تاہم رات کے وقت ہوائیں نسبتاً کمزور ہونے سے امدادی ٹیموں کو مدد ملی۔
انہوں نے کہاکہ، “موسمی حالات میں بہتری آنے کے بعد ہم نے آگ پر قابو پانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔”
ڈاؤڈ کے مطابق فائر فائٹرز کو امید ہے کہ تیز ہوائیں دوبارہ شروع ہونے سے قبل مزید پیش رفت حاصل کر لی جائے گی۔
سیمی ویلی کے متعدد علاقوں میں انخلا کے احکامات اور حفاظتی انتباہات بدستور برقرار ہیں۔ یہ شہر ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے۔